کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں لڑکی سمیت 3 افراد نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق، سول لائن تھانے کی حدود ہجرت کالونی D2 ایریا گلی نمبر 12 میں واقع گھر سے ایک لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 15 سالہ ارم کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او محمد خان بھٹی کے مطابق کئی ماہ سے بیمار تھی اور ذہنی طور پر بیماری کی وجہ سے پریشان تھی۔متوفیہ کا آبائی تعلق کوہاٹ سے ہے اور اس سے قبل اس کے گھر والے پشاور سے اس کا علاج کروا رہے تھے،ایک ماہ قبل وہ اسے علاج کے لیے کراچی کے کر آئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ متوفیہ نے بیماری سے تنگ آ کر پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے،واقعہ کے وقت اس کے دو چھوٹے بہن بھائی بھی گھر میں موجود تھے۔ایس ایچ او کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر خودکشی کا ہی معلوم ہوتا ہے تاہم واقعہ کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔نیپئر تھانے کی حدود بھیم پورہ امام بارگاہ کے قریب گھر سے ایک نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی جسے سول اسپتال لایا گیا۔متوفی کی شناخت 18 سالہ دین اسلام ولد رمضان کے نام سے کی گئی۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی عوامی چوک کراچی ہوٹل کے قریب گھر سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 22 سالہ رحیم ولد عیدن کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او مظہر کانگو کے مطابق متوفی نے پنکھے کے گاڈر سے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے تاہم فوری طور پر خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔متوفی پانی کی سپلائی کا کام کرتا تھا۔