کراچی( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کی حدود ہاکس بے دعا ہوٹل مچھلی چوک کے قریب تیز رفتار کار فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی اور الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور بچے سمیت 4 زخمی ہو گئے۔ متوفی کی لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ بلال ولد اجمل جبکہ زخمیوں کی 30 سالہ ابرار ولد سرور خان ،32 سالہ اسلام ولد اویس ، 10 سالہ روحان ولد عمران اور محمد کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار افراد نارتھ ناظم آباد کے رہائشی ہیں اور پکنک بنانے ہاکس بے آئے تھے۔سپرہائی وے سجاد ریسٹورنٹ ٹوٹل پمپ کے قریب سوزوکی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میں سوزوکی ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔متوفی کی شناخت 25 سالہ راشد ولد شوکت کے نام سے ہوئی۔