کراچی( اسٹاف رپورٹر )اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود سالار گوٹھ میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 55 سالہ عبدالستار ولد غوث بخش جاں بحق جبکہ 18سالہ عظمت ولد عبدالستار زخمی ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتول کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ایس ایچ او الن خان عباسی کے مطابق مقتول اور زخمی باپ بیٹا ہیں اور گلشن معمار کے رہائشی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں باپ بیٹا موٹر سائیکل پر سوار تھے اور گھگھر پھاٹک کے قریب اپنی زمین پر آئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کا تعلق بگٹی برداری سے ہے اور انھیں انہی کی برداری کے افراد نے دشمنی کی بناء پر فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے گلشن معمار سے ان کی ریکی کر کے ان پر فائرنگ کی۔