کراچی( اسٹاف رپورٹر) پولیس نے عید پر دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنے میں ملوث دو ملزمان سمیت 5 ملزمان کو مبینہ مقابلوں میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس پولیس نے عید کے تیسرے روز بیٹے کے سامنے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے شہری کے قاتلوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق تھانہ ڈیفنس کی حدود عائشہ مسجد کے قریب سی آر روڈ پر ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہو گئے۔گرفتار ملزمان کی شناخت سید آصف علی ولد سید اسحاق علی اور حبیب عمر ولد حبیب محمود کے ناموں سے ہوئی جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول، ایک عدد نائن ایم ایم پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزمان نے عید کے تیسرے روز ڈیفنس میں شہری عامر سے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری عامر پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔ملزمان سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور اسی حوالے سے پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ملزمان کا سابقہ کریمینل ریکارڈ موجود ہے ،ملزمان پر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں مقدمہ درج ہے۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پاکستان بازار پولیس نے مبینہ مقابلے میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ملزمان کی شناخت محمد ارسلان ولد خالد خان اور کاشان حسین ترک ولد لیاقت حسین کے ناموں سے ہوئی۔ملزمان سے دو پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز، چھینے گئے موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا مزید ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل نمبر KDD-1404 بھی تھانہ نیو کراچی کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔موٹرسائیکل چھینے جانے کا مقدمہ الزام نمبر 155/2025 بجرم دفعہ 382/34 ت پ تھانہ نیو کراچی میں درج ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی 8 مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔ بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی کلفٹن بلاک ون سن رائز اپارٹمنٹس کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔