اسلام آباد (طاہر خلیل) سابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات خواجہ اعجاز سرور مرحوم کو آج اسلام آباد میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔ خواجہ اعجاز سرور گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے ، خواجہ اعجا ز سرور انفارمیشن گروپ کے بانی افسروں میںشمار کئے جاتے تھے ،اپنے کیرئیر کے دوران انہوںنے انہوںنے ایوان صدر ، وزیر اعظم ہائوس میںبطور پریس سیکرٹری ، وزارت اطلاعات و نشریات میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر سمیت کئی عہدوں پر کام کیا خواجہ اعجا ز سرور نہایت با صلاحیت ، دہیمے مزاج کے حامل افسر تھے ۔ پاکستان کے بیانیے کی تشہیر اور آگے بڑھانے میں انہوںنے قابل ذکر کارکردگی دکھائی ، خواجہ اعجاز سرور کو آج نماز ظہر کے بعد ڈیڑھ بجے دن H-8قبر ستان میں سپرد خاک کیا جا ئے گا۔ سوگواروں میں ایک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں،سابق صدر فاروق لغاری ،محترمہ بے نظیر بھٹو اور ظفر اللہ جمالی کے ساتھ خدمات انجام دیں ، مرحوم کافی عرصے سے لو بلڈ پریشر عارضے میںمبتلا تھے ۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سابق سیکرٹری اطلاعات و نشریات خواجہ اعجاز سرور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خواجہ اعجاز سرور کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک باوقار، مخلص اور تجربہ کار شخصیت تھے جنہوں نے اطلاعات کے شعبہ کی ترقی اور قومی بیانیہ کی موثر ترجمانی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔