اسلام آباد (طاہر خلیل) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کی ملی مجلس (پارلیمنٹ) کی چیئرپرسن غفارووا سے انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) کی 150ویں اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کے اعادے اور پارلیمانی، اقتصادی اور سیاسی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے منعقد ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے فروری 2025 میں ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے 15ویں اجلاس کے موقع پر باکو کے اپنے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے آذربائیجان کی پُرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس صدیوں پرانے تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی اقدار اور مذہبی قربت پر مبنی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان میں رواں سال کے دوران آذربائیجان اور ترکیہ کے ساتھ تیسرا سہ فریقی سپیکرز فورم اسلام آباد میں منعقد کرنے کا پروگرام ہے۔ چیئرمین سینٹ نے انٹر پارلیمنٹری یونین کی 150ویں اسمبلی کے موقع پر ازبکستان کی اولی مجلس کے سپیکر سے ملاقات کی۔ یوسف رضا گیلانی نے بین الاقوامی پارلیمانی سفارتکاری اور علاقائی تعاون کے فروغ میں ازبکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔