• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، بیلاروس کا توانائی، مواصلات انڈسٹری میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد ) پاکستان - بیلاروس کا توانائی،مواصلات، انڈسٹری میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ بیلاروس کے آخری روز دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور پاکستان اور بیلاروس نے توانائی، مواصلات، صنعت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔منسک میں ہونے والی تقریب میں بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز اور پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ سمیت مختلف ایم او یوز پر دستخط کیے جنہیں وزیر اعظم کے اسی ماہ کے دورہ بیلاروس کے دوران باقاعدہ معاہدوں کی شکل دی جائے گی۔ آخری روز وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بیلاروس کے توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے وزراء سے ملاقاتیں کیں او رپاکستانی وفد کے دورے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب خوشگوار یادوں کے ساتھ بیلاروس سے واپس جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابق معاہدوں کو عملی شکل دینے کے خواہاں ہیں،پاکستان بیلاروس سے ذرائع نقل و حمل سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں کے اجراء کا متمنی ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ بیلاروس سے ہونے والے معاہدے حوصلہ افزا ہیں اور انشاء اللہ ان دستاویزات کی روشنی میں دوطرفہ تعاون میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے پاکستانی وفد کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک پاکستان سے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون کو یقینی بنائے گا اور آنے والے دنوں میں عملی پیشرفت سامنے آئے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بیلاروس میں پاکستانی وفد نے وزیر اعظم کے اسی ماہ کے مجوزہ دورے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی کیونکہ نومبر 2024میں بیلاروس کے صدر کے دورے کے جواب میں پاکستانی وزیر اعظم کی آمد اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستانی وفد میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کے علاوہ مواصلات، اکنامک افئیرز، انڈسٹری اور کامرس کے سیکرٹری صاحبان بھی شامل تھے جنہوں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی دورہ بیلارو س میں معاونت کی جبکہ بیلاروسی وزراء صاحبان سے بھی حوصلہ افزا اور سود مند ملاقاتیں و اجلاس منعقد ہوئے۔

ملک بھر سے سے مزید