• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے آئندہ ہفتے لندن جانے کا امکان، طبی معائنہ کرائینگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)نواز شریف کے آئندہ ہفتے لندن جانے کا امکان وہ طبی معائنہ کرائیں گے۔ مریم نواز، حسین نواز، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہمراہ ہونگے ،معمول کے معائنہ میں تین دن صرف ہونگے،وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس سے لندن پہنچیں گے وہ آئندہ جمعہ کو بیلاروس کے دارالحکومت منسک کے لئے روانہ ہونگے جہاں سے لندن آئیں گے، حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے آئندہ ہفتے لندن جانے کا پروگرام بنایا ہے وہ آئندہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عام پرواز سے عازم برطانیہ ہونگے جہاں وہ طبی معائنہ کرائیں گے۔ 21 اکتوبر 2023ء کو طویل جلا وطنی سے واپسی کے بعد یہ ان کا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ وہ گزشتہ سال نومبر میں اپنی صاحبزادی پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ گئے تھے جہاں مریم نواز کی معمول کی سرجری کے بعد کا معائنہ ہوا تھا۔ توقع ہے کہ لندن کے اس دورے میں مریم نواز شریف ان کے ہمراہ ہونگی جبکہ ان کے صاحبزادے حسین نواز بھی اپنے والد کے ہمسفر ہونگے۔ شریف یونیورسٹی کے چانسلر اور نواز شریف کے دیرینہ معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ساتھ برطانیہ جائیں گے اس دوران معلوم ہواہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ جمعہ کو بیلاروس کے دو روزہ دورے پر منسک جائیں گے جس کی انہیں صدر الیگزینڈر یشنکو نے دعوت دی ہے دونوں ممالک کے درمیان یہ دو سرا سربراہی سطح کا رابطہ ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید