کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا پریمیئر ایونٹ پی ایس ایل قریب آرہا رہے۔ پی سی بی کے ساتھ ساتھ فرنچائزز کی تیاریاں بھی زور وشور سے جاری ہیں، پی سی بی نے میگا ایونٹ کے دوران رواں تبصرے اور تجزیوں کیلئے سپر اسٹاز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔ ماضی کے عظیم کھلاڑی وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے ساتھ کام کرنے کے بعد پہلی بار کمنٹری کرتے ہوئے دکھائیں دیں گے۔ وسیم اکرم کے ساتھ ساتھ سابق انگلش کپتان سر الیسٹر کک اور دو بار کی ویمنز ورلڈ کپ فاتح آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزا استھالیکر سپر لیگ میں کمنٹری میں ڈیبیو کرینگے۔ ان کے علاوہ کمنٹری پینل میں مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہرعلی خان شامل ہیں ۔ پاکستان کے چار سابق کپتان رمیز راجہ ، وسیم اکرم، وقاریونس اور عامر سہیل کے علاوہ بازید خان عروج ممتاز اور سکندر بخت بھی مبصرین کے شامل ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری ہوگی۔ طارق سعید، علی یونس، عقیل ثمر ، مرینہ اقبال اور سلمان بٹ اردو میں میچز کا حال سنائینگے ۔ ایرن ہالینڈ اور زینب عباس میچوں کے دوران پریزینٹرز ہونگی۔ پی سی بی کے مطابق کرکٹ کی دنیا کے بڑے ناموں کی کمنٹیٹرز کے طور پر موجودگی سے کوریج کا بہترین معیار نظر آئے گا پی ایس ایل 11 اپریل سے18 مئی تک لاہور کراچی راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں مکمل طور پر اردو کمنٹری کے ذریعے ہم اپنے ُپرجوش شائقین کے بہت قریب پہنچ سکیں گے جو ان کیلئے خوشگوار تجربہ ہوگا۔ دریں اثنا پی ایس ایل 10 ٹرافی کا ملک کے مختلف شہروں میں سفر جاری ہے۔ ٹور پر ٹرافی اتوار کو کوئٹہ میں نمائش کیلئے پیش کر دی گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹر حسیب اللہ خان نے کوئٹہ میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔ اس سے قبل ٹرافی کی ملک کے مختلف شہروں میں نمائش ہوچکی ہے۔ ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی نے اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔ حیدر علی کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ منگل سے شروع ہوجائے گالاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ 11 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ علاوہ ازیں کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا۔ اس سے قبل شان ٹیٹ افغانستان اور پاکستان کی قومی ٹیموں کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ پاکستان سپر لیگ فرنچائزکراچی کنگز نے سیزن 10 کے لیے نئی کٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس آفیشل کٹ کو ’’ریٹرو‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کپتان ڈیوڈ وارنر کو اس نئی جرسی کی رونمائی کرتے دکھایا گیا ہے۔