• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک امتحانات، پشاور انتظامیہ کا مختلف علاقوں میں مراکز کا دورہ

پشاور ( وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے حالیہ میٹرک امتحانات کے دوران مختلف علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس اقدام کا مقصد امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے، تاکہ طلبہ کو ایک محفوظ، بااعتماد اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس حوالے سے انتظامی افسران نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عملے، نگرانوں اور دیگر متعلقہ سٹاف سے ملاقات کی، امتحانی سہولیات کا جائزہ لیا، اور انتظامی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق “نقل کے مکمل خاتمے اور امتحانات کے منصفانہ انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، اور ہمارا ہدف یہی ہے کہ ہر طالبعلم کو ایک ایسا نظام فراہم کیا جائے جو مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہو۔”ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مراکز کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے، اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔امتحانی مراکز میں عملے کی حاضری، وقت کی پابندی، اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ تمام نگرانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، تاکہ کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا شکایت سے بچا جا سکے۔
پشاور سے مزید