• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ہیوی ٹریفک کیلئے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر، ڈرائیورز کے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات کے تدارک کیلئے ہیوی ٹریفک کی رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ڈرائیورز کیلئے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، تمام ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (HTVs)، لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز (LTVs) اور پبلک سروس وہیکلز (PSVs) میں ٹریکر اور ڈیش کیم کی تنصیب لازمی قرار، ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے اور ٹرپل سواری کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی ہوگی، جن گاڑیوں کےفٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ ہوگئے ہیں انہیں ضبط کیا جائے اور ان گاڑیوں کو دوبارہ اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ سے مشروط ہوگی، ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی تنظیم نو اور اسے میئر کراچی کے ماتحت کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منگل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں انھوں نے محفوظ سفر اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام کو حفاظتی اقدامات سختی سے نافذ کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، ضیاء لنجار اور میئرکراچی مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر حکام نے شریک ہوئے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 2024 میں 16لاکھ سے زائدچالان ہوئے، ایک ارب 33کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا، ‎ 5لاکھ 12ہزار سے زائدگاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور11287 ڈرائیورز کوحراست میں لیا گیا جب کہ ڈرائیورز کے خلاف 650 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 7555 فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کیےگئے۔

اہم خبریں سے مزید