راولپنڈی (نمائندہ جنگ)اڈیالہ جیل کے قریب پی ٹی آئی اور پولیس کے درمیان جھڑ پ ، کارکنوں کا پتھراؤ، عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت متعدد اور رہنما اور کارکن زیر حراست، بعدازاں پولیس نے انہیں نے رہا کرکے مقامی شادی ہال میں منتقل کردیا لیکن علیمہ خان اور دیگر نے وہاں سے جانے سے انکار کردیا وہ بدستور اصرار کرتی رہی کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا بھائی سے ملاقات بہنوں کا حق ہے، گرفتاری غیر قانونی ہے۔بعدازاں پی ٹی آئی رہنماؤں نے دھرنا ختم کردیا، قبل ازیںراولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی تین بہنوں اور دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پرعلیمہ خان نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا،پولیس حکام نے تین بہنوں علیمہ خان ،نورین خانم ،اور عظمیٰ خان کو حراست میں لیکر وین میں بٹھایااوروہاں موجودعمران خان کے کزن قاسم خان نیازی اورپی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، عالیہ حمزہ ، نادیہ خٹک وغیرہ کو بھی حراست میں لے لیا، جیل کے باہر عاطف خان اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی پولیس نے ازاں بعد عاطف خان کو بھی حراست میں لے لیا عاطف خان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔