• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن ، 8 افراد موقع سے گرفتار

ملتان (سٹاف رپورٹر)میپکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن ۔سردارپور کبیروالہ/میاں والی قریشیاں خانپور/میکلوڈگنج بہاولنگر/وہواتونسہ/گلشن آباد جامپور میں 48لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 7نادہندگان کے ٹرانسفارمرز،بجلی چوری کے سدباب کے لئے16چکوک سے ایل ٹی لائنیں اُتارلیں۔ 8بجلی چور/نادہندگان موقع سے گرفتارکروادئیے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن خانیوال سرکل مشتاق احمد اٹھنگل، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصراللہ خان ناصراور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین کبیروالہ ڈویژن ملک کاظم حسین اورایس ڈی اوسردارپور سب ڈویژن عامر فاروق کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔میپکو، پولیس اور رینجرز کی جوائنٹ فورسز نے کڈن کسی، حشمت مرالی، خارنسے سالا، ممدال، چراغ بیلا اور ہیڈ سردارپور کے علاقوں میں 38لاکھ50ہزار روپے سے زائد واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 3نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز،10میٹرزاور 486میٹر ایل ٹی لائنیں اُتارکر قبضہ میں لے لیں جبکہ آپریشن کے دوران5 بجلی چوربھی ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جنکے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں۔ ایڈیشنل چیف انجینئر آپریشن رحیم یار خان سرکل محمدرفیق کنول اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین خانپور ڈویژن اقبال حسین بھٹوکی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس فورس نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔میپکو، پولیس اور رینجرز کی جوائنٹ فورسز نے میاں والی قریشیاں سب ڈویژن کے علاقو ں /بستیوں بستی واحد بخش کلار، بستی خان محمد، بستی مراد خان مستوئی، بستی مرید حسین رونگھا، بستی خیر محمد رند، بستی سمن رند، بستی رحیم بخش مانک، بستی غلام نبی مانک، بستی ڈھنڈو، بستی سہراب اور بستی درکھانہ میں آپریشن کرکے بجلی چوری کے سدباب کے لئے 12ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اور 8مقامات سے ایل ٹی لائنیں اُتارلیں۔ پوری، پوری بستیاں ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کررہی تھیں جبکہ چیکنگ کے دوران 5افراد کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں ڈال کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا اور انہیں ایک لاکھ40ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھجوادی گئیں۔
ملتان سے مزید