ملتان (سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کافلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان، اس حوالے سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری، اجمل بلوچ، شاہد غفور پراچہ، شرجیل میر اور دیگر تاجر قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جب کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تاجر غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق میں آواز بلند کرنا اپنا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ سمجھتے ہیں، کاشف چوہدری نے کہا کہ کراچی سے خیبر، آزاد کشمیر سے گلگت بلتستان تک تمام تاجر غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں اپنی دکانیں بند رکھیں گے،ہم اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیںاور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔