کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کے کنٹینٹ اینڈ پراڈکشن بورڈ کے منظور شدہ منصوبے وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات سندھ کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، کنٹینٹ اینڈ پراڈکشن بورڈ کے رکن سلیم خان ڈائرکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈائرکٹر فلمز حزب اللہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے یہ منصوبے نہ صرف عوامی آگاہی کے لیے اہم ہیں بلکہ ان کا مقصد سینیما انڈسٹری کی بحالی، نئے ٹیلنٹ کو فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ حکومت سندھ پراڈکشن منصوبوں کے ذریعے قومی اتحاد و یکجہتی اور حب الوطنی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ تمام منصوبے مقررہ وقت پر اندر مکمل کیے جائیں، کسی بھی غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔