ٹوکیو(عرفان صدیقی)میانمار کے جعلی کمپنیوں کے کمپاؤنڈز میں پھنسے انسانی اسمگلنگ کا شکار 21پاکستانی شہری آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ ان افراد کو سخت حالات میں جبری مشقت پر مجبور کیا جا رہا تھا۔حکومتِ پاکستان کی بھرپور کاوشوں، تھائی لینڈ اور میانمار کی حکومتوں کے تعاون سے ان متاثرین کی بحفاظت واپسی ممکن ہو سکی۔ پاکستانی سفارت خانہ بنکاک نے اس عمل میں کلیدی کردار ادا کیا۔تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر رخسانہ افضال نے متاثرین کو رخصت کیا اور ان کو حکومت کی مکمل معاونت کا یقین دلایا۔ سفیر نے ان کی بحفاظت واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔بازیاب ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ شدت سے ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔