کراچی(اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ہمیں کئی امتحانی مراکز سے یہ اطلاع آرہی ہے کہ وہاں پر امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شدید گرمی اور اندھیرے کمرے میں طلبا ء و طالبات امتحانی پرچہ حل کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سے ایک بار پھر استدعا کی ہے کہ وہ بورڈ کے تحت جاری سالانہ امتحانات کے دوران قائم کردہ امتحانی مراکز میں صبح کی شفٹ میں 9:30سے 12:30 بجے تک اور سہ پہر کی شفٹ میں 2:30 سے 5:30 تک طلباء و طالبات کے بہتر مفاد میں لوڈشیڈنگ نہ کریں تاکہ طلباء و طالبات با آسانی اپنے امتحانی پرچہ جات حل کر سکیں۔