راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں 20موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،مویشیوں اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ،10افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے ۔اسلام آباد میں بھی 12وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ9موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ تین گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ تھانہ کھنہ اور تھانہ گولڑہ کے علاقوں میں دو موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے ۔ تھانہ کینٹ کے علاقہ ڈینیزسکول روڈ پر 3نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر فیصل خان سے موٹرسائیکل ،موبائل اور 10ہزارروپے،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب 2نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد ملک اویس اکرم سے لیپ ٹاپ ،2 موبائل اور45ہزا رروپے چھین کرلے گئے ۔ دیگر وارداتوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے 8 موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔ تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ میں گوہر افشاں سے رکشہ میں سوار ایک عورت اور مرد نے ڈرا دھمکا کر پرس چھین لیا لیا جس میں موبائل ، سونا مالیتی 4لاکھ روپے اور ایک لاکھ روپے نقدتھے ،نیولالہ زار میں آصف اقبال پارسل دینے گیا جہاں دو موٹرسائیکل سوار اس سے موبائل اور 53ہزار ایک سوروپے زبردستی چھین کرفرارہوگئے۔ شعبان کالونی میں مشتاق کے گھرسے 2لاکھ 60ہزار روپے، بسالی میں کامران کے گھر سے 7 بکریاں ، بکرے اور ایک گائے چوری کرلی گئی ۔