راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی چوہدری ماجد حسین گادی نے امریکی نژاد وجیہہ فاروق سواتی قتل کیس کے مرکزی ملزم و مقتولہ کے شوہر کو سنائی گئی سزا برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے مقتولہ کے شوہر رضوان حبیب کو تین مختلف دفعات کے تحت سزائے موت، مجموعی طور پر 17سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے مقتولہ کے ورثاء کو 5لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے شریک ملزم ڈرائیور سلطان کی سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی برقرار رکھی۔ اسی طرح مقتولہ کے سسر اور اس کے ڈرائیور پر مشتمل دو شریک ملزمان کو سات سات برس قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سناتے ہوئے دیگر تین ملزمان کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا گیا تھا ۔ سزا موت پانے والے ملزم رضوان حبیب نے عدالتی فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت عالیہ نے مقدمہ کو ریمانڈ کرتے ہوئے از سرِ نو سماعت کا حکم دیا تھا۔