• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات فروشوں کی فائرنگ،لیگی رہنما اشتیاق عباسی جاں بحق

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) مختلف واقعات میں دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تھانہ کھنہ کے علاقے پنڈوریاں میں مبینہ منشیات فروشوں نے دن دیہاڑے فائرنگ کر کے(ن) لیگی رہنما اشتیاق عباسی کو قتل کر دیا ۔اطلاع ملتے ہی وزارت داخلہ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راجہ خرم نواز موقع پر پہنچ گئے ۔ قتل پر اہل علاقہ سراپا احتجاج رہے۔ ادھر پشاور کے رہائشی اسد علی کو اسی کے پستول سے قتل کرنے والی دوشیزہ نے مقتول کی والدہ کو فون کر کے اطلا ع دی کہ آپ کے بیٹے کو قتل کر دیا ہے ،آکر اس کی نعش لے جاؤ ۔ایف آئی آر کے مطابق تبسم روز زوجہ ریحان حبیب نے تھانہ سبزی منڈی میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کا بیٹا اپنے ڈرائیور شیراز کے ساتھ اسلام آباد آیا ،دن پونے گیارہ بجے سیکٹر آئی ٹین میں ان کی ثانیہ اور راوید سے ملاقات ہوئی ،دونوں گاڑی پچھلی نشست پر بیٹھ گئے، اس دوران ثانیہ اور مقتول اسد علی کے مابین تو تکرار شروع ہو گئی اور ثانیہ نے مشتعل ہو کر پچھلی نشست پر پڑے مقتول کے بیگ سے پستول نکال لی ۔راوید نے کہا کہ اس کو گولی مارو ! جس پر ثانیہ نے گولی چلا دی جو مقتول کے سر سے آر پار ہو گئی ۔راوید گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گیا جبکہ ثانیہ کو مقتول کے ڈرائیور شیراز نے روک لیا۔
اسلام آباد سے مزید