راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)منشیات برآمدگی پربرطرف ہونیوالے سابقہ کانسٹیبل کو گرفتار کرکے ہیروئن برآمدکرنیوالے تھانیدارکولائن حاضر کردیاگیا۔تھانہ سول لائنزکے اے ایس آئی محمد مظہرقیوم کو 28مارچ کوجھنڈا بازار میں موٹرسائیکل پر بیٹھے ایک شخص نے اپنا نام علی رضاکانسٹیبل سپیشل ونگ پنجاب پولیس بتایا اور کہا کہ کہ سپیشل مشن پر ہوں ۔شک پراسے تھانہ میں لاکرفرنٹ ڈیسک پر پڑتال کرائی گئی تومعلوم ہواکہ اس کے خلاف تھانہ اینٹی نارکوٹکس میں 3اکتوبر 2021کو9سی کا مقدمہ نمبر74/21درج ہواجس کے مطابق اس سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس وجہ سے محکمہ پولیس سے ڈس مس ہوچکا ہے جوکارڈ اس نے پیش کیاوہ بھی جعلی نکلا۔دوران تلاشی اس سے 20 گرام براؤن ہیروئن بھی برآمدہوئی ہے ،راولپنڈی پولیس کے ایک افسرنے اپنانام خفیہ رکھنے کی شرط پربتایاکہ ملزم کے تھانے میں پہنچتے ہی اس کی رہائی کے لئے سفارشیں شروع ہوگئیں،اے ایس آئی مظہر کے انکارپر دھمکیاں دی گئیں ،اور بعدمیں سرکل کے سپروائزری افسر کو اپروچ کرواکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مؤخرکروالی گئی ۔اسی دوران ملزم علی رضا نے نے تفتیشی افسرکے کمرے میں نگرانی پرتعینات کانسٹیبل سے سرکاری پستول چھین کراپنی ٹانگ میں گولی مارلی جس کے بعد ملزم کےخلاف تین ایف آئی آرزدرج کی گئیں ۔ اسی دوران سوشل میڈیاپر ملزم کی راولپنڈی کے ایک طاقت ورسٹیشن ہاؤس آفیسرکے ہمراہ ایک ریسٹورنٹ میں ڈنر کرنے کی ویڈیوبھی سوشل میڈیاپر وائرل ہوئی لیکن افسران کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں ۔