لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی جس میں غزہ کی صورتحال اور تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نہروں پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائیں، علاوہ ازیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی وزیراعظم سے رابطہ کرکے عازمین حج کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے بلوچستان کے مسائل حل، بجلی مزید سستی،پٹرول کے نرخ بھی کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا تارڑ اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، میاں اسلم، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شامل تھے۔ ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ انھوں نے وزیراعظم اور انکی کابینہ سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرے۔ حکومت پارلیمنٹرین اور ا سٹیک ہولڈرز پر مشتمل وفد تشکیل دے جو اہم اسلامی ممالک کا دورہ کرے۔ ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کی نیوی فریڈم فلوٹیلا تیار کر کے غزہ کا محاصرہ ختم کرائیں۔ جماعت اسلامی 11اپریل کو لاہور، 13کو کراچی، 18کو ملتان اور 20کو اسلام آباد میں فلسطین مارچ کا انعقاد کرے گی، امریکی سفارت خانہ کی جانب پیش قدمی کرینگے۔