• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹک ریفائنری لمیٹڈ نے اپنا ایک کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ بند کر دیا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک تشویشناک پیشرفت کے طور پر اٹک ریفائنری لمیٹڈ نے اپنا ایک کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ بند کر دیا ہے جس کی روزانہ 5000بیرل تیل صاف کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ریفائنری کے اسٹوریج میں پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ خطرناک حد تک بھرنے کے قریب پہنچ گیا، جس کی وجہ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے تیل نہ اٹھانا ہے۔ انتظامیہ نے حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی اور تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی اٹھان میں بہتری نہ آئی، تو وہ اپنا پورا آپریشن بند کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ اوگرا کو لکھے گئے اور 9اپریل 2025کو ڈی جی آئل کو کاپی کیے گئے خط میں ریفائنری کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی کم اٹھان کی وجہ سے اس نے اپنا ایک کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ بند کر دیا ہے، جس کی یومیہ 5000بیرل تیل صاف کرنے کی صلاحیت ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، اسٹاک کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ حتیٰ کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ذخائر ایک نازک حد تک پہنچ چکے ہیں، جہاں اسٹوریج میں بمشکل ہی کوئی گنجائش باقی ہے، جس سے اوورفلو ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خط میں ریگولیٹر کو بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ریفائنری پہلے ہی 70فیصد صلاحیت پر کام کر رہی تھی، اور مذکورہ یونٹ کی بندش کے بعد پیداواری صلاحیت کا استعمال مزید کم ہو گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید