لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکیوں نے تعلیم سے پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنائے تعلیم کمیونٹیز کو بااختیار ،مضبوط اوردنیا کو محفوظ بنا نے میں اہم کردار ادا کرتی ہے تعلیم کمیونٹیز کو نہ صرف بااختیار بنانے کے علاوہ مضبوط کرتی ہے بلکہ دنیا کو محفوظ بھی بناتی ہے۔ پاکستانی امریکیوں نے اس اقدام کو حقیقت بنانے کے لئے تعلیمی تعاون کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خانپور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (KIT) کا افتتاح کرنے کے بعد اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ KIT کے قیام کو جنوبی پنجاب میں تعلیمی اور معاشی مواقع بڑھانے کیلئے سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی نثراد فزیشن ڈاکٹر محمد جاوید طارق کی طرف سے قائم کیا گیا خانپور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ( KIT )کا مقصد طلباء کو پاکستان سے عملی طور پر کام کرنے کیلئے آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے اور بیرون ملک ملازمتیں تلاش کرنے کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔