پشاور(ارشد عزیز ملک )محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (P&D) خیبرپختونخوا میں غیر متوقع چیکنگ کے دوران 78 اعلیٰ افسران اور عملے کو غیر حاضر پایا گیا۔ جمعرات 10 اپریل 2025 کی صبح ہونے والی اس چیکنگ میں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر متعدد شعبوں میں بڑی تعداد میں غیر مجاز غیر حاضریاں سامنے آئیں، جس کے بعد ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2011 کے تحت فوری طور پر وضاحتی نوٹس جاری کیے گئے۔ صوبے کے ایک اہم ترین محکمے میں انتظامی نظم و ضبط پر سوالات اٹھانے والی یہ بڑی تعداد میں غیر حاضریاں سامنے آئی ہیں جو اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار ہے۔غیر متوقع چیکنگ میں صوبائی منصوبہ بندی محکمے کے 19 اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا جن میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، انڈسٹریز، پاور، سپورٹس اینڈ ٹورزم اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر شامل ہیں۔ غیر حاضر افسران میں سیکشن چیفس، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ریسرچ آفیسرز اور ان کے معاون عملہ شامل تھے۔