کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کے تحت اتوار13اپریل کو شارع فیصل پر شام 4بجے ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ“ کے سلسلے میں جمعہ کو شہر بھر میں ایک ہزار سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہروں اور کارنرمیٹنگز کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور امریکا و اسرائیل کی مذمت واہل غزہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ انبیاء علیہ السلام کی سرزمین فلسطین اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے آگے بڑھیں اور اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں، اس موقع پر لاکھوں کی تعدادمیں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے،مظاہرے وکارنرمیٹنگز اہم پبلک مقامات اور مساجد کے سامنے منعقد کی گئیں،امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جامع مسجدبیت المکرم،گلشن اقبال میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اہل کراچی مظلوم و نہتے اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار13اپریل شام 4بجے ”یکجہتی غزہ مارچ“ میں شار ع فیصل پر لاکھوں کی تعداد میں شرکت کرکے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو جھنجھوڑیں اور اس کے ساتھ صیہونی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ بھی جاری رکھیں،،شہر بھر میں ہونے والے مظاہروں سے سید مفخر علی، محمد اشرف، مرزا فرحان بیگ، نعیم اختر اور دیگر نے خطای کیا ،علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں اور بچوں کی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔