اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے منعقد ہونیوالے اوور سیز کنونشن میں 80 ممالک سے 1500سے زائد اوورسیز نمائندے پاکستان آئینگے ۔
ڈیجیٹل یوتھ ہب پر گزشتہ 14 دنوں کے دوران 10لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے،بیرون ملک جانیوالے ایک لاکھ نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ دیاجائیگا۔
نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان جلد کیاجائیگا،جون میں قابل نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر دیئے جائینگے جبکہ لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائینگےجو 5 لاکھ روپےکے بلا سود قرضہ کےذریعے دیئے جائینگے۔
پریس کانفرنس کرتےہوئےرانا مشہود نے کہا حکومت کی مثبت اور دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث تمام اشاریے مثبت ہیں آئی ایم ایف سمیت عالمی ادارے پاکستان کی تعریف کررہے ہیں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان مخالف قوتوں کو فارن فنڈنگ سے ابھارنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔
مسلم لیگ ن وزیراعظم شہبازشریف اور نواز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل حل کر رہی ہے، پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025 میں دنیا بھر سے سرمایہ کار آئے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔