راولپنڈی،کراچی(سپورٹس رپورٹر، نمائندہ جنگ)پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 80 رنز سے ہراد دیا۔ میچ کی خاص بات پاکستان کے اسٹار بیٹر ان صائم ایوب کی عمدہ کار کردگی رہی، جو ان فٹ ہونے کی وجہ سے چیمپئینز ٹرافی میں حصہ نہیں لےسکے تھے،انہوں نے زلمی کی جانب سےشان دار 50 رنزبنائے انہوں نے38گیندوں کا سامنا کیا۔ان کے اسکور میں تین چوکے اور چار چھکے بھی شامل تھے،تجربے کا بیٹر اور پشاور کے کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، پنڈی میں کھیلے گئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 216 رنز بنائے۔سعود شکیل نے59اور فن ایلن نے53رنزکی اننگز کھیلیں۔ حسن نواز نے 41،کوشال مینڈس نے 35 اور رائیلی روسو نے 21رنز اسکور کیے۔پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا، سفیان مقیم اور جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔217رنز کے ہدف کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 136رنز ہی بناسکی۔ زلمی کی جانب سے صائم ایوب 50رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حسین طلعت نے 35، مچل اوون نے 31رنز بنائے۔زلمی کی پوری ٹیم سولویں اوور میں 136رنز پر ڈھیر ہوگئی ،کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 4، محمد عامر اور عثمان طارق نے 2، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ابرار احمد مین آف دی میچ قرار پائے۔ادھر کراچی میں ہونیوالے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی۔کراچی کنگز نے 235رنز کا ہدف آخری اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو 4وکٹوں سے ہرایا۔رضوان کی سنچری رائیگاں گئی 105رنز بنائے۔کیوی آل راؤنڈر مائیکل بریسویل نے 17گیندوں پر 44رنز اسکور کیے، اُن کے علاوہ کامران غلام نے 36رنز بنائے۔ملتان سلطانز نے مقررہ20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 234رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے 235 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ابتدائی 4 وکٹیں 79 رنز پر گرچکی تھیں تاہم جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پانچویں وکٹ پر 142رنز کی شراکت قائم ہوئی اور جیمز ونس نے فتح گر سنچری اننگز کھیلی اور 101رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر 235رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو4وکٹوں سے شکست دی۔ خوشدل شاہ 60رنز بناکر نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے 3وکٹیں حاصل کیں۔