راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈئیٹرز کے درمیان کھیلاگیا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پرراولپنڈی میں پی ایس ایل میچز کے دوران 6 ہزار سے زیادہ افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 400 ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کئے گئے، پی ایس ایل میچز کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن کی گئی ہے۔ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں کھلاڑیوں کی رہائش گاہ سے روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے پوائنٹ وائز ڈیوٹی پر مامور افسران کو چیک کیا اور ہدایات دیں۔ ایس ایس پی آپریشنز ، ایس پی راول، ایس پی صدر، ایس پی سیکورٹی سمیت ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ پاور بینک، ہینڈ فری، ائیر پوڈز، کھانے پینے کی اشیاء سمیت کوئی ممنوعہ شے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہے، پاک فوج، رینجرز، دیگر سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ربط سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کویقینی بنایا جارہا ہے۔