• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد دہشتگردی، امریکا پاک فوج کا معترف، امریکی کانگریس کے وفد کی آرمی چیف سے ملاقات، IT شعبے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد (ایوب ناصر، نامہ نگار، ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی مسلح افواج کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی مستقل خدمات کا اعتراف کیا۔جنرل عاصم منیر نے کہا امریکا سے دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم اور تعلقات باہمی مفادات اور قومی خودمختاری کے احترام پر مبنی چاہتے ہیں،وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی عالمی چیلنجدنیا تعاون کرے، پاکستان دہشتگردی اور دنیا کے درمیان دیوار کی حیثیت رکھتا ہے، امریکی وفد نے خاص طور پر سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں وسیع بنیادوں پر دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ سیکورٹی، انسداد دہشت گردی ،بارڈر سیکورٹی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی کانگریس کے ایک وفد نے جیک برگمین کی سربراہی میں آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر زور دیا گیا، دونوں فریقوں نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور متفقہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر مسلسل روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ امریکی کانگریس کے وفد نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی مسلح افواج کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی مستقل خدمات کا اعتراف کیا۔ پاک افواج کے ترجمان ادارے کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے وفد کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امریکا کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اتوار کو امریکی کانگریس مینز کے وفد نے اہم ملاقات کی۔ وفد میں کانگریس مینز جیک برگمین، ٹام سوزی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی اور سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور بارڈر سیکورٹی کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید