کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں ملتا ن سلطانز کے خلاف حیران کن فتح کے بعد کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہار نہ ماننے والی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے، میچ میں خاص حکمت عملی اپنائیں گے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو کہا تھا کہ وکٹیں بھی گریں تو رنز بناتے رہنا ہے، ہم نے مخالف ٹیم کویکسٹرا رنززیادہ د ئیےتھے۔ جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے زبردست شراکت بنائی، جیمز اور خوشدل شاہ آؤٹ ہوئے تو نیچے آنے والوں نے کھیل میں اپنی پوری ذمہ داری دکھائی۔اس موقع پر جیمز ونس کا کہنا تھا کہ ہدف کا تعاقب آسان تو نہیں تھا مگر پچ بہت اچھی تھی، ہماری کوشش تھی کہ رنز بناتے جائیں اور رن ریٹ قابو میں رکھیں۔جیمز ونس نے کہا کہ باؤنڈری کی جب ضرورت تھی ہم لگانے میں کامیاب ہوئے، خود میچ فنش کرتا تو زیادہ اچھا ہوتا، بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگیا۔ کراچی کےعرفات منہاس نے کہا کہ ایونٹ کا پہلا میچ ہر کسی کیلئے اہمیت رکھتا ہے، پہلی جیت سے ہمارے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا اچھا تجربہ رہا، ٹیم مینجمنٹ نے مجھ پر بھروسہ کیا۔عرفات منہاس نے کہا ہم سےفیلڈنگ میں غلطیاں ہوئیں، جیت کا کریڈٹ جیمز ونس کو جاتا ہے، کوشش ہے کہ اگلے میچ میں بھی اچھا پرفارم کریں۔پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بولنگ کے لیے کنڈیشنز بہت مشکل تھیں۔ جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کی جیت کا کریڈڈٹ دونوں کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیمز ونس اور خوشدل شاہ کی شراکت ہم سے میچ دور لے گئی۔محمد رضوان نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اگلے میچ سے پہلے بولنگ پر کام کریں، اگلے میچ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔