کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹائون میں مبینہ طور پر زمینوں پر قبضے کے معاملہ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون تھانہ کی حدو د کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے16سالہ فیصل ولد محمد حسین جاں بحق اور45 سالہ عارف ولد اسلام الدین جبکہ پستول کا بٹ لگنے سے 20سالہ آصف ولد حسن زخمی ہو گیا، واقعے کی اطلاع پو لیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا،ایس ایچ او تھانہ سرجانی ٹائون غلام حسین پیرزادہ نے بتایا ہےکہ زمینوں پر قبضے کے معاملے پر اتوار کوبگٹی گروپ نے بروہی گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فیصل جاں بحق ہوگیا،فائرنگ کے نتیجے میں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہونے والا عارف راہگیر تھا جبکہ گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والا نوجوان فیصل اور بٹ لگنے سے زخمی ہونے والا آصف آپس میں کزن ہیں ،واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لئے چھاپہ مارے جارہے ہیں۔