کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے کراچی میں مافیا کا راج ہے،کبھی پانی مافیا نظر آتا ہے کبھی ڈمپرز مافیا ،کبھی بھتہ اور قانونی تعمیرات مافیا ،ہر روز شہریوں کو ایک نئی مافیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کراچی میں کوئی بھی قانون پر عمل درآمد نہیں کر رہا ،ہر کوئی اپنی پاور اپنی سورسز کا استعمال کر کے قانون کے شکنجے سے بچ جاتا ہے،شہر میں قانون صرف غریب اور سفید پوش افراد کیلئے ہے باقی تو سب چہیتوں کی لسٹ میں شامل ہیں،ہیوی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر چلنے والوں کو کیڑے مکوڑوں کی طرح کچل رہے ہیں ، جب زیادتیوں کا سلسلہ بڑھتا ہے تو پھر ہر کوئی قانون اپنے ہاتھ میں لے لیتا ہے،کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب ہے،حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے اور انہیں تحفظ فراہم کرے،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی محکمہ اپنا کام ذمہ داری سے کرنے کو تیار نہیں ،حکومت کے نمائندے اور وزراء کسی بھی حادثے کے بعد صرف بیان جاری کر کے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض پورا ہو گیا۔