کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام سندھ کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو، نائب امیر قاری محمد عثمان، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا حماد اللہ شاہ و دیگر قائدین نے اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" میں شرکت پر اہالیانِ کراچی اور شرکاء کا دل کی گہرا ئیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے ،جےیوآئی قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی کے غیرت مند عوام نے فلسطینی مظلوموں کے حق میں اور اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کے خلاف جس اتحاد، نظم و ضبط اور دینی غیرت کا مظاہرہ کیا وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے، رہنماؤں نے کہا کہ یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام قبلۂ اول، بیت المقدس اور مظلوم فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے دینی طبقات، مختلف مکاتبِ فکر، ائمہ مساجد، علماء کرام، مدارس، سیاسی و سماجی تنظیموں، تاجر برادری، نوجوانوں اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنان و عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب کی پرجوش شرکت نے اس مارچ کو تاریخی اور یادگار بنا دیا۔