اسلام آباد( نامہ نگارخصوصی ) ایران میں پاکستانی مشن نے قتل کئے گئے 8پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق کیلئے قونصلر رسائی طلب کر لی۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی قیادت اور عوام کو اس المناک واقعے پر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا،وزیراعظم نے ہلاک ہونے والے کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی ہدایات پر تہران میں ہمارا سفارت خانہ اور زاہدان میں ہمارا قونصل خانہ جامع تحقیقات کیلئے ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی پاکستان واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران میں اپنے شہریوں کے غیرانسانی اور بزدلانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، امید ہے ایران معاملے کی تحقیقات اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی بروقت واپسی میں مکمل تعاون کریگا ۔ادھرتہران اور اسلام آباد نے سیستان بلوچستان میں آٹھ پاکستانی مزدوروں کے قتل کے بعد دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایران میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر اتوار کو اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے سخت مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے اسے ”غیر انسانی اور بزدلانہ مسلح کارروائی“ قرار دیا۔