کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ،کراچی تعلیمی بورڈ کے فرسٹ ایئر کے طلبہ کو گریس مارکس دینے کی منظوری ، تمام طلبہ کو کیمسٹری میں 20فیصد جبکہ فزکس اور ریاضی میں 15 فیصد فی مضمون گریس مارکس دینے کی سفارش ،تعلیمی بورڈز میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے کمیٹی کی تشکیل، محکمہ ایکسائز کے مختلف عہدوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری، کابینہ نے کوویڈ 19کے دوران عارضی طور پر بھرتی ہونے والے 289ڈاکٹرز اور اسٹاف نرسز کی خدمات ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے ،تمام قسم کے پلاسٹک بیگز کی تیاری اور استعمال پر پابندی، عادی مجرموں کی الیکٹرانک آلات کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، سندھ کابینہ نے گنھور لغاری کو منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، واجد صبغت اللہ کو ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 اور زین العابدین شاہ کو سی ای او سندھ آئی ٹی کمپنی تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے،تشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے ایک "سینٹر فار ایکسیلنس" کے قیام پر اتفاق ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت 4 گھنٹے طویل کابینہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔یہ اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندیکابینہ نے ماحول کے تحفظ کو آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کا اہم جزو قرار دیا۔ اس ضمن میں کابینہ نے سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترامیم کی منظوری دی جس کے تحت صوبے بھر میں تمام اقسام کی پلاسٹک شاپنگ بیگز، بشمول نان ڈیگریڈیبل اور اوکسوڈیگریڈیبل بیگز کی تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔ یہ پابندی کابینہ کی منظوری کے ساٹھ روز بعد نافذ العمل ہو گی۔کامیابی کے تناسب میں کمییونیورسٹی اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ نے کابینہ کو بتایا کہ 2024 میں کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے گیارہویں جماعت کے نتائج میں کامیابی کے تناسب میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اس تناظر میں 13 جنوری 2025 کو سندھ اسمبلی نے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی، جس نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش ایچ لودھی کر رہے ہیں تاکہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جا سکیں۔ذیلی کمیٹی نے تمام طلبہ کو کیمسٹری میں 20 فیصد جبکہ فزکس اور ریاضی میں 15 فیصد فی مضمون گریس مارکس دینے کی سفارش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تعلیمی بورڈز کے نظام میں اصلاحات اور مستقبل میں ایسے مسائل سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔