کوئٹہ (پ ر)جامعہ مطلع العلوم کوئٹہ کا اجلاس، جامعہ کے انتظامی معاملات اور نئے تعلیمی سال کے داخلہ پر غور کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ بلوچستان کی سب سے قدیم دینی درسگاہ جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ کا ایک اجلاس مہتمم جامعہ حافظ منیر حسین احمدکی صدارت میں ہوا، جس میں جامعہ مطلع العلوم کے مہتمم حافظ حسین احمد کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے تعزیتی کلمات میں حافظ حسین احمد کی گراں قدر خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں جامعہ کے اساتذہ کرام پروفیسر مولاناعبدالرحمن کشمیری، شیخ الحدیث مولانا عبدالخالق، مولانا حافظ خیر جان، مولانا انوارالحق حقانی، حافظ رشید احمد، مولانا عبدالرزاق، مولانامحمد امین، مولانا عبداللہ، قاری عبید اللہ، حافظ زبیر حسین احمد، مولانا عبدالرازق، مولانا محمد رفیق، مفتی حبیب اللہ، محمد یعقوب، مولانا عبدالروف، قاری حافظ عبدالعزیز اور دیگر عملہ نے شرکت کی، اجلاس میں جامعہ مطلع العلوم اوردیگرشاخوں کے انتظامی معاملات کے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مولانا عبدالرحمن کشمیری نے صاحبزادہ حافظ منیر حسین احمدکی دستار بندی کی۔مبارکباداورنیک خواہشات کااظہارکیا اوران کو سیاسی،روحانی اور دینی جانشین مقرر ہونے پر اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دادا بانی جامعہ مطلع العلوم و دیگر مدارس بلوچستان مولانا عرض محمد اور والد حافظ حسین احمدکے نقش قدم پر چلتے ہوئے جامعہ مطلع العلوم و دیگر شاخوں کی ذمہ داری سنبھال کر احسن طریقے سے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ تمام اساتذہ کرام میرے بڑے اور محترم ہیں امید کرتا ہوں کہ وہ میرے دست وبازو بن کر اداروں کی بہتری کے لیے ملکر کام کریں گے۔