اسلام آباد / کراچی (نیوز ایجنسیز / اسٹاف رپورٹر ) حکومتی کوششوں سے معاشی میدا ن میں ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ کے باعث مارچ 2025 میں کرنٹ اکانٹ سرپلس ایک ارب ڈالر سے زائد ہوگیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مارچ 2025میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 1.2 بلین ڈالر سرپلس کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہونے پراطمینان اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس میں ہونا معیشت کے مستحکم ہونے کا عکاس ہے۔جمعرات کو وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ اس مالی سال کے 9مہینوں میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 1.85ارب ڈالر رہا،حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کا مظہر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ریکارڈ ترسیلات زر، بڑھتی ہوئی برآمدات اور حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کی بدولت کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ممکن ہوا،ہم ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق مارچ 2025 میں جاری کھاتہ ایک ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، فروری 2025 میں جاری کھاتے کو 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا خسارہ درپیش تھا، تیسری سہ ماہی میں جاری کھاتا 70 کروڑ ڈالر سرپلس رہا، رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کا جاری کھاتے ایک ارب 85کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔