اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہوئے، دونوں ممالک کے سیکریٹریز کے درمیان بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، کچھ تصفیہ طلب امور پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں فریقین نے اپنا اپنا موقف سامنے رکھا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مذاکرات اچھے ماحول میں ہوئے، کچھ عناصر ان مذاکرات کے خلاف منظم پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ڈھاکہ میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں دونوں ممالک نے باقاعدہ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے اور زیرِ التوا معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔جمعے کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مشاورت کا چھٹا دور ڈھاکہ میں 15 سال کے وقفے کے بعد ہوا، پاکستان کی جانب سے سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ جبکہ بنگلہ دیش کے وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ ایم ڈی جاسم الدین نے کی،پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔