سیہون شریف (نامہ نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالز کے معاملے پر ہر احتجاج کا خیر مقدم کریں گے، بجٹ سے پہلے منصوبہ مسترد کرائیں گے، سندھ کے عوام نہروں کے منصوبے کے خلاف متحد ہیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نہروں کے منصوبے کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ عمرکوٹ کے عوام نے سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھان سید آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلط پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے ناراض ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ نہروں کا منصوبہ پیپلز پارٹی ہی مسترد کروائے گی اور پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زور دے کر کہا کہ پارلیمنٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ نہری منصوبے نامنظور ہیں۔ حیدرآباد میں نہروں کے خلاف کامیاب جلسہ کیا، اور 25 اپریل کو سکھر میں بھی عوامی اجتماع ہوگا۔
انہوں نے ن لیگ کے بعض رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کے کچھ لوگوں نے نہروں کے متعلق غلط بیانی کی تھی، جس پر بعد میں انہیں معافی مانگنی پڑی۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ نہروں کے معاملے پر ہم عوام کے ساتھ ہیں۔