ملتان(سٹاف رپورٹر) پولیس کا انوکھا کارنامہ، ڈکیتی کے ملزم کو مدعیان کے گھر لے گئی، سی پی اوکا واقعے کی تحقیقات کا حکم ،معلوم ہوا ہے کہ تھانہ پرانی کوتوالی میں درج مقدمہ نمبر 1133/2024 بجرم 395 کے ملزم حارث کو سول جج نوشین عمیر کی کورٹ میں پیشی پر ضلع کچہری لایا گیا ،ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد کانسٹیبل احتشام رقم کے لالچ میں ملزم حارث کو بخشی خانہ منتقل کرنے کی بجائے ضلع کچہری سے باہر لے گیا اور ہتھکڑی پر کپڑا ڈال کر رکشہ میں بٹھاکر مدعیوں کے گھر نیوملتان پہنچ گیا جہاں پر ملزم حارث نے مدعیان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، بعد ازاں کانسٹیبل احتشام ملزم کو لیکر ضلع کچہری پہنچا اور بخشی خانہ لے گیا، مدعیان کی جانب سے سی پی او کو درخواست گزار کی گئی اور موقف اختیار کیا کہ ملزم حارث پولیس وردی میں ملبوس کانسٹیبل کے ہمراہ ہمارے گھر آیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہوا چلا گیا، سی پی او صادق علی ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا اور جرم ثابت ہونے پرکانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔