ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت کپاس کی کاشت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں کپاس کی فصل کے اہداف، زرعی سرگرمیوں اور کسانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا، کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان ڈویژن کو 7لاکھ 74 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں کپاس کی فصل کیلئے وافر پانی مہیا کیا گیا ہے، حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، اجلاس کو ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے کپاس کی فصل بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن بھر میں کپاس کاشت کا ہدف 7 لاکھ 75 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 65.21 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں 5 لاکھ 5 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت مکمل ہوچکی ہے جبکہ 30 مئی تک کپاس کاشت کا مکمل ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔