ملتان(سٹاف رپورٹر ) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نشتر ہسپتال ملتان سے منسلک نئے قائم ہونے والے کینسر سینٹر اور پی ای ٹی سکین اینڈ سائیکلوٹرون مشین کے لئے مختلف تدریسی و غیر تدریسی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے سلیکٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، محکمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی سکیل 17 اور اس سے اوپر کی آسامیوں پر موزوں امیدواروں کی سفارشات مرتب کرے گی، بھرتیاں کنٹریکٹ بنیادوں پر تین سال کی مدت کے لئےکی جائیں گی،نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں متعلقہ ادارے کے سربراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (پرنسپل) کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جب کہ متعلقہ ڈویژنل کمشنر یا ڈپٹی کمشنر (یا ان کے نمائندے)، متعلقہ شعبے کے پروفیسر، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور ایس اینڈ جی اے ڈی ریگولیشن ونگ کے نمائندے بطور اراکین شامل ہوں گے،محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد کینسر کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کیلئے شفاف انداز میں قابل اور تجربہ کار افرادی قوت کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔