• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ میں 5 برسوں میں ساڑھے 5 لاکھ پاؤنڈ کا ایشیائی سونا چوری ہوا، برطانوی پولیس

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

برطانیہ کے ضلع بریڈ فورڈ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مختلف وارداتوں میں 5 لاکھ 46 ہزار پاؤنڈ سے زائد مالیت کا ایشیائی سونا چوری ہوا ہے، جس پر مقامی کمیونٹی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

یہ انکشاف مقامی میڈیا میں ایک فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت حاصل کردہ اعداد و شمار میں سامنے آیا ہے، جس میں ویسٹ یارکشائر پولیس سے 2020 سے لے کر اب تک ایشیائی سونے کی چوری کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔

پولیس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 2020 میں 5 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جن میں 32,600 پاؤنڈ کا سونا چوری ہوا، 2021 میں 3 وارداتوں میں 20,000 پاؤنڈ کا سونا چوری ہوا۔

2022 میں بھی 3 وارداتیں، جن میں 32,000 پاؤنڈ کا سونا چوری ہوا۔ 2023 میں وارداتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا اور 49 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں ایک لاکھ 70 ہزار 833 پاؤنڈ کا سونا چوری کیا گیا۔

جبکہ 2024 کے آغاز سے اب تک 80 وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جن میں 2 لاکھ 90 ہزار 852 پائونڈ کا سونا چوری کیا گیا۔

بریڈفورڈ کونسل کی لیبر کونسلر صبیحہ خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چوریاں صرف مالی نقصان نہیں، بلکہ خاندانوں کے لیے جذباتی صدمے کا باعث بھی بنتی ہیں، کیونکہ ان زیورات میں اکثر والدین یا دادا دادی کی نشانی یا شادی کے تحفے شامل ہوتے ہیں۔

لیبر کونسلر، بریڈفورڈ کونسل صبیحہ خان
لیبر کونسلر، بریڈفورڈ کونسل صبیحہ خان

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی وارداتیں متاثرہ افراد پر نفسیاتی دباؤ بھی ڈالتی ہیں، جس سے ان کی زندگی میں عدم تحفظ اور خوف کی فضا پیدا ہو جاتی ہے۔

ویسٹ یارکشائر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ایشیائی سونے کی چوری کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو فوراً 101 پر پولیس سے رابطہ کریں یا ویب سائٹ پر Live Chat کے ذریعے اطلاع دیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتی زیورات کو بینک لاکرز میں رکھیں، گھروں میں سیکورٹی سسٹم نصب کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان وارداتوں کا سدباب ممکن ہو۔

برطانیہ و یورپ سے مزید