• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھارت کشیدگی ختم کرلیں گے، دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتا ہوں، وہ معاملہ حل کرلیں گے، ٹرمپ

کراچی (رفیق مانگٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر کہا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے رہنمائوں کو جانتے ہیں‘دونوں کشیدگی کا معاملہ خود ہی حل کرلیں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہوئے حملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک بہت برا حملہ تھا۔ بھارت اور پاکستان کی سرحد پر ہمیشہ سے تناؤ رہا ہے، میں دونوں رہنماؤں کو جانتا ہوں، وہ اسے کسی نہ کسی طرح حل کر لیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہت زیادہ تناؤ ہے، لیکن یہ تناؤ ہمیشہ سے موجود رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے پاک بھارت رہنماؤں سے رابطہ کرنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ " دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا انسانی جانوں کے ضیاع پر ان اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، امید کرتے ہیں اس معاملہ کی تحقیقات کرکے اس کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دوران میڈیا بریفنگ ترجمان سے صحافی نے سوال کیا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی، کیا امریکا پاکستان بھارت کشیدگی ختم کرانےمیں کردار ادا کرے گا؟ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر صدرٹرمپ ،وزیر خارجہ بات کر چکے ہیں، پاک بھارت معاملات کو بہت قریب سے دیکھ رہے، دونوں ممالک کے درمیان صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید