سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ میں معاہدہ ہوچکا، کینالز کا یکطرفہ فیصلہ دفن ہوچکا، مودی کی کوششیں بھی ناکام کرینگے، صوبوں کی مرضی کے بغیر کوئی کینال نہیں بنے گی، بھارت کو متنبہ کرتا ہوں دریائے سندھ ہمارا ہے اس میں ہمارا پانی بہے گا یا آپکا خون ،کسی کو اجازت نہیں کہ پاکستانی عوام کے حق پر ڈاکہ مارے، مشکل وقت میں وفاق کی آواز بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سکھر میں منعقدہ جشن سندھ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے خطاب کرتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے حقوق پر کوئی ڈاکا نہیں ڈال سکتا، ہندوستان کی آبی جارحیت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جلسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ طے ہوگیا کہ صوبوں کی رضامندی و باہمی اتفاق کے بغیر کوئی کینال نہیں بنے گی، یہ سندھ اور پاکستان کی کامیابی ہے، دریائے سندھ پر ایک حملہ بھارت نے بھی کیا ہے، دریائے سندھ کے ساتھ کھڑے ہوکر بھارت کو کہتا ہوں کہ سندھو ہمارا ہے، ہمارا ہی رہے گا، اس دریا میں ہمارا پانی بہے گا یا بھارت کا خون بہے گا، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، بین الاقوامی سطح پر بھی نہیں مانا جائے گا، انڈس ویلی سویلائزیشن ہزاروں سال پرانی ہے، اس کی نشانی موہن جو دڑو میں موجود ہے، ہم اس کے وارث اور محافظ ہیں، ہم تحفظ کریں گے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ بارڈر پر بھارت کو ہماری افواج منہ توڑ جواب دے گی جبکہ ہر پاکستانی دریائے سندھ کا سفیر بن کر دنیا بھر میں یہ پیغام پہنچائے گا کہ دریائے سندھ پر ڈاکہ نامنظور ہے۔ ماضی میں شہید بینظیر بھٹو نے متنازع ڈیمز منصوبے کو دفن کروایا اور اب پرامن جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں یکطرفہ کینالز کا فیصلہ بھی دفن کردیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ساری پالیسیوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سوچ ایک جیسی نہیں ہوسکتی البتہ وزیر اعظم کو یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ بھارت کے مذموم ارادوں کیخلاف وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم پاکستان اور وفاق کی آواز بنیں گے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ پاکستانی عوام کے حق پر ڈاکا مارا جائے۔ پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ دریا ہم سب کا ہے، پورے پاکستان کا ہے، اس وقت ہمارا دشمن میلی آنکھ سے دریا کی طرف دیکھ رہا ہے، پورے پاکستان کو متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا، چار صوبے بھائیوں کی طرح ہیں، یہ ساتھ ملکر مودی کو منہ توڑ جواب دینگے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالز منصوبہ دفن ہوگیا ہے، 2مئی کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں یہ فیصلہ ہوجائیگا، سی سی آئی اجلاس میں ن لیگ کے 5اور پی پی کے 2نمائندے شامل ہونگے، منصوبہ ختم کرنے کا اختیار سی سی آئی کے پاس ہے، بلاول بھٹو زرداری کی للکار، ایک ہفتہ کی کوشش، حیدرآباد جلسہ کے بعد وفاق نے سی سی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ سندھ کے حقوق پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کموں شہید پر دھرنا دیکر کالا باغ ڈیم ختم کروایا تھا، اب بلاول بھٹو زرداری نے بھی وہی کروایا۔ نگراں حکومت کے دور میں یہ منصوبہ آیا، ہم پچھلے سال جون میں مشترکہ مفادات کونسل میں گئے، 10ماہ گزر گئے مگر سی سی آئی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔