چکوٹھی(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی سے ملحقہ لائن آف کنٹرول کے وادی لیپہ سیکٹر میں پاک بھارت افواج کے درمیان چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ‘پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیںجبکہ ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے پاس سندھ طاس معاہدہ منسوخ کرنے کا کوئی یکطرفہ اختیار نہیں‘ادھر ایوان بالا نے انڈیا کے بے بنیادالزامات کو مستردکرتے ہوئے بھارت کی حالیہ جارحیت اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے جس میں کہا گیاہے کہ پاکستان پر کسی حملے کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی نے غیر ملکی خبر رساں ادارہ کو بتایا کہ وادی لیپہ میں جمعرات اور جمعہ کی رات فائرنگ ہوئی‘ فائرنگ میںشہری آبادی محفوظ رہی‘پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں‘دریں اثناءوادی لیپہ میں جمعہ کی صبح سے زندگی معمول کے مطابق رواں ‘ تعلیمی ادارے بھی کھلے رہے‘دوسری طرف ضلع جہلم ویلی سے ملحقہ لائن آف کنٹرول چکوٹھی‘ کھلانہ ویلی‘پاہل،پانڈو سمیت دیگر ایل او سی پر بسنے والے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی گیدڑ بھبکیوںسے ڈرنے والے نہیں ہیں۔