• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا ہاتھ صاف، کسی بھی دہشتگردی میں ملوث نہیں، عطاء تارڑ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کےپروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان کے ہاتھ مکمل طورپر صاف ہیں اور وہ کسی بھی طرح کی دہشت گردی میں ملوث نہیں ،پچھلی دفعہ تو ہم نے چائے پلا کر بھیج دیا تھا لیکن اس بار ہم چائے نہیں پلائیں گے،ماہر بین الاقوامی امور عادل نجم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو مسلسل میچور اقدامات کی طرف جانا چاہئے کیونکہ اس طرح کی آفر یا اقدامات پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو مزید بہتر کریں گے ، پاکستان نے غیر جانبدارنہ تحقیقات کی آفر کرکے اچھا فیصلہ کیا ہے اس سے پہلے پاکستان نے دہشت گردی کی اس واقعہ کی بھرپور انداز میں مذمت کی جو پاکستان کی اچھی سوچ کی عکاسی ہے ،میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ پہلگام واقعہ کے چار روز بعد بھی بھارتی میڈیا اور حکومت بغیر کسی ثبوت الزام تراشی میں لگے ہوئے ہیں جن کا مقصد جنگ کا ماحول بنانا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پانی کے معاملے پر ہمارا موقف دو ٹوک ہے کہ اگر پانی روکا گیا تو ہم پوری قوت کے ساتھ اس کا جواب دیں گے ۔غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جو بات کی گئی اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے ہاتھ مکمل طورپر صاف ہیں اور وہ کسی بھی طرح کی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے ۔ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ انٹیلی جنس فیلیئر انڈیا کا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہا اور الزام پاکستان پر لگا رہا ہے جس سے واضح نظر آرہا ہے کہ انڈیا اس وقت پاکستان فوبیا کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے میڈیا کا تمام رپورٹرز اور اینکرز صاحبان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس وقت کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں ہے ہر کوئی پاکستانی ہے اور پاکستانی بن کر پاکستان کے بہترین مفاد میں سوچ رہا ہے اور یہ جو ہم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی آفر کی ہے باہمی رضا مندی سے کی ہے تاکہ یہ کلیئر ہوجائے کہ اس میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے ۔

اہم خبریں سے مزید