• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کی پاکستان کے لیے مضبوط حمایت، بدلتی صورتحال پر نظر ہے، حملے کی بروقت تحقیقات اور اسلام آباد کی سلامتی اور خودمختاری کے حامی ہیں، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ/سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک /اے ایف پی ) پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر مسلسل تیسری رات بھی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جبکہ بھارتی بحریہ نے طویل فاصلے تک جارحانہ حملے کے لیے پلیٹ فارم‘ سسٹم اور عملے کی تیاری کا مظاہرہ کرنے کے لیے جنگی مشقیں کیں اورجنگی جہازوں سے میزائل فائر کرتے ہوئے تصاویر جاری کردیں۔ ادھر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ بیجنگ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر پاکستان کے مضبوط موقف کی مسلسل حمایت کرتاہے ‘خطے میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے‘ حملے کی بروقت تحقیقات‘ اسلام آباد کی سلامتی اور خود مختاری کے حامی ہیں‘ پاکستان اور بھارت کشیدگی میں کمی لائیں اور بات چیت میں شامل ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو پاکستانی وزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارسے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسحاق ڈارنے اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات پر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور ایسے اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان صورتحال کو سنجیدگی سے سنبھالنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس پورے عمل کے دوران چین اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطے میں رہنے کا ارادہ رکھتا ہے۔وانگ ژی نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ تمام اقوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور چین نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر پاکستان کے مضبوط موقف کی مسلسل حمایت کی ہے۔چین پاکستان کے جائز سلامتی کے خدشات کو پوری طرح سمجھتا ہے اور اس کی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ وانگ ژی نے حملوں کی منصفانہ اور بروقت تحقیقات کے لیے چین کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔

اہم خبریں سے مزید