• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام واقعہ ڈرامہ بازی، مودی اسرائیل کے شانہ بشانہ، پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ، فضل الرحمان

لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت العلماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت مجلس اتحاد امت کے زیر اہتمام گزشتہ شب مینار پاکستان کے سائے تلے اسرائیلی جارحیت کیخلاف غزہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ صرف ڈرامہ بازی ہے اور کچھ نہیں، مودی جی آگے بڑھئے، پھر لاہور بھی 1965 ءکی تاریخ دہرائے گا۔ مودی اسرائیل کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،جبکہ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ فلسطینیوں کی نسل کشی جاری، حکمرانوں میں صلاح الدین ایوبی کا جذبہ کب پیدا ہوگا، حافظ نعیم، غفور حیدری ، بھارت،اسرائیل کیخلاف جہاد کیلئے تیارہیں، مفتی منیب، لیاقت بلوچ، حنیف جالندھری، مولانا امجد،مفتی اعظم غزہ ودیگر کا غزہ کانفرنس سے خطاب ، مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مودی اسلام دشمن ہے اور اسرائیل کا ساتھ دینا اسلام دشمنی کی علامت ہے۔ نہتے سیاحوں کو قتل کرنا انسانیت نہیں ہے لیکن ہندوستان کا ردعمل مسلم دشمنی کی علامت ہے۔لاکھوں فلسطینیوں کا قاتل دہشت گرد نیتن یاہو آزاد پھر رہا ہے۔ فلسطین کے لوگ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ تمام انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ کبھی دیکھا دفاع کی جنگ میں بچوں کو قتل کیا گیا ہو ؟ کانفرنس سے مفتی منیب الرحمٰن،حافظ نعیم الرحمٰن،مفتی اعظم غزہ محمودیوسف،مولانا عبد الغفور حیدری،قاری حنیف جالندھری،مولانا احمد لدھیانوی،مولانا محمد امجد خان، مولانا علی محمد تراب،حافظ نصیر و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم آپ کیساتھ ہے۔ میں امریکہ اور برطانیہ کو کہتا ہوں کہ تم نے کشمیر اور اسرائیل کا خنجر پاکستان اور عربوں کے سینے میں گھونپا ہے۔ فلسطین، کشمیر اور مدارس کی آزادی کو ایک ہی جنگ سمجھتا ہوں۔ اگر مدارس کے قوانین پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہم اس کیلئے میدان میں نکلیں گے۔ ہم تمہارے اقتدار کے محل تمہارے لئے جہنم کا گڑھا بنا دیں گے۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب میں کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں قتل عام ہے اس میں امریکہ کا ہاتھ ہے،اس وقت غزہ میں نسل کشی کی جارہی ہے ،ہم سمجھتے ہیں امت مسلمہ کو بھی عظیم ترین اتحاد پیدا کرنا ہوگا، حکمران سمجھتے ہیں کہ اقتدار امریکہ کا دیا ہوا ہے، حکومت ہو یا اپوزیشن سب لائنیں لگائے کھڑے ہیں کہ کب امریکہ کا ہاتھ آئے اور ہمارے دن بدل جائیں، اگر آپ کشمیریوں کیلئے فلسطینیوں کیلئے لڑے تو پوری قوم آپکے ساتھ ہے، دنیا کے دو ہی مسائل غزہ اور کشمیر کا مسئلہ پوری قوم اور ملت کو اکٹھا کرتے ہیں۔جے یو آئی پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد الغفور حیدری نے خطاب میں کہا کہ پوری قوم غزہ و فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے ہمارے حکمران امریکی ہدایات لے رہے ہیں ، سن لو اگر تم نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش تو تمہاری اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔کشمیر تم سے بھارت نے چھین لیا ، تمہارے اندر صلاح الدین ایوبی والا جذبہ کب پیدا ہوگا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خطاب میں کہا کہ آج کا اجتماع بھارت کے مقابلے میں پوری قوم کی آواز ہے۔ملت اسلامیہ جہاد کیلئے تیار ہے۔ بھارتی سازش کےبعد پاکستانی حکومت کی طرف سے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔شہید حامد الحق کے صاحبزادےعبد الحق ثانی نے خطاب میں کہا کہ ریاست سے تحفظات کےباوجود پاکستان کے دشمن سن لیں اگر وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، پانی بند کیا یا جارحیت کی کوشش کی تو قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوکر وطن عزیز کا دفاع کرے گی۔ چیئرمین قرآن وسنہ موومنٹ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر اعلان جہاد کریں تو ہم اپنی گردنیں کٹوانے کیلئے تیار ہیں۔

اہم خبریں سے مزید